اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) گزشتہ روز نیب عدالت میں پیشی کے بعد نواز شریف کی زیر قیادت ن لیگ کے رہنمائوں کے پنجاب ہائوس میں منعقدہ اجلاس میں نواز شریف نے چوہدری نثار کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ’’مجھے موٹروے سے جانے کا مشورہ دینے والے کہاں ہیں ؟‘‘جس پر باقی مسلم لیگ ن کے رہنماؤں نے کہا کہ وہ اب نظر نہیں آئیں گے۔نواز شریف کی اس تنقید کے بعد اب چوہدری نثار کا بھی ردعمل سامنے آیا ہے۔ چوہدری نثار نے نواز شریف کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ پانامہ فیصلے کے بعد نواز شریف کا
بذریعہ موٹر وے جانے کا فیصلہ صرف میرا نہیں بلکہ ن لیگ کی ساری سینئر قیادت کا تھا۔ چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ اس وقت کی صورتحال پر جب ن لیگ کی سینئر قیادت کا اجلاس ہوا تو اس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ نواز شریف لاہور جانے کیلئے جی ٹی روڈ کے بجائے موٹر وے کا راستہ استعمال کریں ۔ چوہدری نثار نے انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ اجلاس میں نواز شریف، شاہد خاقان عباسی سمیت 11سینئر ن لیگی رہنما شامل تھے اور ایک دو کو چھوڑ کر باقی رہنمائوں نے انہیں جی ٹی روڈ کے بجائے موٹر وے سے لاہور جانے کا مشورہ دیا تھا۔