راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق سینیٹر نہال ہاشمی کو اڈیالہ جیل ہسپتال کے ڈاکٹروں نے صحت مند قرار دیدیا تاہم ان کی جیل منتقلی کا فیصلہ نہیں کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ ہفتے کو مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق سینیٹر نہال ہاشمی کو دل کی تکلیف کے باعث اڈیالہ جیل راولپنڈی کے ہسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔پمز ہسپتال کے ڈاکٹرز کی دو رکنی میڈیکل ٹیم نے اڈیالہ جیل ہسپتال کا دورہ کیا جہاں انہوں نے نہال ہاشمی کا معائنہ کیا۔ذرائع نے بتایا کہ سابق سینیٹر کو دل کا عارضہ
لاحق نہیں ٗانہیں صرف نزلہ، زکام اور بخار ہے جبکہ وہ ذہنی دباؤ کا بھی شکار ہیں تاہم اب تک یہ فیصلہ نہیں ہوسکا کہ نہال ہاشمی کو ہسپتال میں ہی رکھنا ہے یا پھر اڈیالہ جیل منتقل کرنا ہے۔دوسری جانب جیل حکام نے بتایا کہ گزشتہ روز نہال ہاشمی کی طبعیت ناساز تھی لہٰذا پمز ہسپتال کو ان کی دل کی تکلیف کے حوالے سے طبی معائنہ کرنے کیلئے خط لکھا گیا تھا۔انہوں نے بتایا کہ پمز ہسپتال کی میڈیکل ٹیم نے لیگی رہنما نہال ہاشمی کا چیک اپ کیا، نہال ہاشمی کی طبیعت پہلے کی نسبت بہت بہتر ہے۔