اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پشتون لانگ مارچ کے شرکا نے راﺅ انوار کی گرفتاری کیلئے حکومت کو 2 روز کی ڈیڈ لائن دے دی۔سابق ایس ایس پی ملیر کراچی راﺅ انوار کے ہاتھوں نا حق مارے جانے والے نقیب اللہ محسود کے حصولِ انصاف کیلئے فاٹا کے عوام اور پشتون قبائل کی جانب سے دھرنا دیا گیا ہے۔ قبائلی عمائدین کا دھرنانیشنل پریس کلب اسلام آباد کے باہر گزشتہ کئی روز سے جاری ہے۔ دھرنے کے شرکا نے حکومت کو اب راﺅ انوار کی گرفتاری کیلئے 2 روز کی
حتمی ڈیڈ لائن دے دی ہے ۔ دھرنا قائدین نے کہا ہے کہ اگر راﺅ انوار گرفتار نہ ہوا تو یہ دھرنا پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر منتقل کردیا جائے گا۔واضح رہے کہ نقیب اللہ محسود کو سابق ایس ایس پی ملیر کراچی راﺅ انوار نے جعلی پولیس مقابلے میں دہشتگرد قرار دے کر قتل کردیا تھا۔پولیس افسر کے اس مجرمانہ اقدام کے خلاف پوری قوم نے احتجاج کیا جبکہ محسود قبائل کی طرف سے سہراب گوٹھ کراچی کے مقام پر کئی روز تک گرینڈ جرگہ بلایا گیا۔ قبائلی عمائدین نے اسلام آباد میں ڈیرے ڈال لیے ہیں۔