کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) ڈیفنس کے علاقے میں گھر سے صوبائی وزیر اور پیپلز پارٹی کے رہنما میر ہزار خان بجارانی اور ان کی اہلیہ کی لاشیں ملی ہیں جس کے بارے کہاجا رہا ہے کہ واقعہ صبح ساڑھے چھ بجے کے قریب پیش آیا اور اس وقت ملازمین بھی گھر پر نہیں تھے۔ ایک نجی ٹی وی چینل کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق جس وقت واقعہ پیش آیا اس وقت ملازمین گھر پر موجود نہیں تھے اور یہ واقعہ صبح ساڑھے چھ بجے کے قریب پیش آیا،
دونوں میاں بیوی کے سر میں ایک ایک گولی لگی جبکہ ایک گولی کا نشان دیوار پر بھی موجود تھا اور مس ہو جانے والی تین گولیاں چیمبر میں موجود ہیں، میر ہزار خان بجارانی کی لاش صوفے پر پڑی تھی جبکہ اہلیہ کی لاش فرش پر پڑی تھی۔دریں اثناء ڈیفنس کے علاقے میں گھر سے صوبائی وزیر میر ہزار خان بجارانی اور اہلیہ فریحہ رزاق کی لاشیں ملی ہیں، کراچی کے علاقے ڈیفنس کے ایک گھر سے صوبائی وزیر میر ہزار خان بجارانی اور ان کی اہلیہ کی لاشیں ملی ہیں۔ صوبائی وزیر کے پرائیوٹ سیکریٹری اللہ ورایو نے تصدیق کی ہے کہ میر ہزار خان بجارانی مردہ حالت میں پائے گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق میر ہزار خان بجارانی اور انکی اہلیہ فریحہ رزاق کو گولیاں لگی ہیں۔ذرائع کے مطابق اہل خانہ کا بتانا ہے کہ کمرے کا دروازہ توڑ کر دونوں کی لاشیں نکالی گئی ہیں۔ریسکیو ذرائع کے مطابق ون فائیو پر اطلا ع ملی تھی کہ ایک گھر سے دو لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔میر ہزار خان بجارانی1974 اور 1977میں سندھ کے رکن اسمبلی منتخب ہوئے جبکہ 1988 میں سینیٹر منتخب ہوئے تھے۔وہ مسلسل چار انتخابات سے رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ان کے صاحبزادے بھی رکن اسمبلی تھے۔سن2013 کے عام انتخابات میں میر ہزار خان بجارانی سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 16 سے ممبر صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے تھے، ان کے پاس پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کی وزارت کا قلمدان تھا۔میرہزار خان بجارانی جیکب آباد سے رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔
مرحوم پی ایس 16 جیکب آباد سے رکن سندھ اسمبلی منتخب ہوئے تھے اور سندھ کے وزیر پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ تھے۔میر ہزار خان بجارانی کا تعلق کرم پور تعلقہ تنگوانی ضلع کشمور کندھ کوٹ سے تھا۔ وہ وزیر تعلیم اور وزیر صنعت و پیداوار بھی رہ چکے ہیں۔مرحوم نے 1966 میں پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کی تھی، افسوسناک اطلاع کے بعد پیپلز پارٹی کے رہنماان کے گھر پہنچ گئے۔ادھرنجی ٹی وی دنیا نیوز نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ دونوں کو قتل نہیں کیا گیا بلکہ میر ہزار خان بجارانی نے خودکشی کی ہے کیونکہ گولیاں ان کے سر میں لگی ہیں۔ انہوں نے پہلے اپنی اہلیہ کو قتل کیا اور پھر خود کو گولی مار کر خودکشی کر لی۔ پولیس نے جائے وقوعہ نے اسلحہ اور گولیوں کے خول بھی برآمد کر لئے ہیں۔