اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان میں افغانستان کے متحرک سفیر ڈاکٹر عمر زاخیلوال نے وزارت خارجہ کے اس بیان پر حیرت کا اظہار کیا ہے کہ پاکستان نے گذشتہ نومبر افغان طالبان اور حقانی نیٹ ورک کے 27 مشتبہ افراد افغانستان کے حوالے کیے ہیں۔اپنے ٹوئٹر اکاونٹ سے ردعمل میں افغان سفیر نے کہا کہ یہ میرے لیے ایک خبر ہے۔اس کا مطلب ہے کہ وہ بھی اس تبادلے سے آگاہ نہیں تھے۔انہوں نے کہاکہ اگر ایسا ہوتا ہے تو یہ دو طرفہ تعلقات میں ایک انتہائی بڑی پیش رفت ہوگی۔ ان کا یہ بیان ایک ایسے وقت
سامنے آیا ہے جب افغانستان کے وزیر داخلہ ویس احمد برمک اور خفیہ افغان ایجنسی این ڈی ایس کے سربراہ محمد معصوم ستانکزئی اسلام آباد میں پاکستان کی اعلیٰ سیاسی اور فوجی قیادت سے بات چیت کیلئے یہاں موجود ہیں۔ بظاہر ایسا لگتا ہے کہ شاید ان افراد کو بھی اس تبادلے کی خبر نہیں تھی۔پاکستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے اعلیٰ افغان وفد کی موجودگی کی تصدیق ایک ٹویٹ کے ذریعے کرتے ہوئے کہا کہ یہ وفد افغان صدر ڈاکٹر اشرف غنی کا خصوصی پیغام لے کر اسلام آباد آیا ہے۔