اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) سپریم کورٹ میں آرٹیکل 62 ایف ون سے متعلق سماعت جاری تھی کہ اسلام آباد سمیت ملک بھر میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔ زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوتے وقت جہانگیر ترین کے وکیل دلائل دے رہے تھے ۔ جہانگیر ترین کے وکیل نے کہا کہ یہ دوسری مرتبہ ہے جب میں دلائل دینے کے لیے روسٹرم پر آیا اور زلزلہ آ گیا جس پر چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ تحمل رکھیں ،
کچھ دیر میں آفٹر شاکس ختم ہو جائیں گے۔ یاد رہے کہ اب سے کچھ دیر پہلے پااکستان کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے، وفاقی دارالحکومت سمیت کئی شہر لرز اٹھے، بیلا میں زلزلے کے باعث مکان کی چھت گرنے سے دو سالہ بچی جاں بحق جبکہ تین افراد زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے ہیں۔ وفاقی دارالحکومت سمیت خیبرپختونخواہ، پنجاب سے زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے جانے کی اطلاعات ہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے علاقے بیلا میں زلزلے کے باعث مکان کی چھت گرنے سے دو سالہ بچی جاں بحق جبکہ تین افراد زخمی ہو گئے۔ لوگوں کے مطابق زلزلے کے جھٹکے وقفے وقفے سے پہلے محسوس کئے جاتے رہے جس کے بعد تیز شدت کا ایک جھٹکا محسوس کیا گیا ہے۔ لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔ ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت چھ اعشاریہ دو ریکارڈ کی گئی ۔