لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے بچوں سے جنسی زیادتی اور بچوں کی فحش ویڈیوز کی تحقیقات کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے دو رکنی تفتیشی ٹیم بنا کر ملک بھر کے دفاتر کو خط لکھ دیا۔تفصیلات کے مطابق عمران حیدر اور سلمان خان پر
مشتمل ٹیم ان معاملات کی تفتیش کرے گی۔جبکہ بچوں کی ممنوعہ فلمیں انٹرنیٹ پر اپ لوڈ کرنے والا ملزم الیکٹریکل انجینئر 4روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا گیا۔ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے سائبر کرائمز خالد انیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے قبضے سے برآمد ہونے والا 60جی بی ڈیٹا اسکین کرلیا گیا۔گرفتار ملزم جس گینگ سے وابستہ ہے، وہ پاکستان، کینیڈا، نیوزی لینڈ اور سوئیڈن میں پھیلا ہوا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ملزم تیمور اس دھندے میں گزشتہ دو سالوں سے ملوث تھا جبکہ ایف آئی اے ملزم کے بینک اکاؤنٹس کو ٹریس کرے گی کہ کہاں کہاں سے وہاں پیسے بھیجے جارہے تھے۔خالد انیس نے بتایا تھا کہ اس حوالے سے انٹرپول کینیڈا نے وزارت داخلہ کو اطلاع دی، جس کے بعد کارروائی کی گئی۔انہوں نے بتایا کہ ملزم تیمور مقصود کو جھنگ کے علاقے سیٹلائٹ ٹاؤن میں چھاپہ مارکر گرفتار کیا گیا جس کے قبضے سے 60جی بی ڈیٹا، لیپ ٹاپ، دیگر آلات اور ممنوعہ فلمیں برآمد ہوئیں۔ملزم نے اعتراف جرم کرلیا، جس کا کہنا ہے کہ وہ پیسوں کے لیے نہیں بلکہ ذہنی سکون کے لیے ایسا کرتا تھا۔