اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)قصور میں بچیوں سے زیادتی اور قتل کا مجرم سیریل کلر عمران کی گرفتاری کے بعد شہر بھر کی مساجد اور گھروں میں شہریوں نے اللہ تعالیٰ کے حضور شکرانے کے نوافل ادا کئے۔ اس موقع پر لوگوں نے شہر میں امن و سلامتی اور خوف سے نجات کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ لوگوں نے تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم بچے اور بچیوں کی حفاظت کیلئے بھی خصوصی دعائیں کیں۔ دوسری جانب اہل محلہ اور اور اہل علاقہ سمیت قصور کے شہریوں نے اعلان کر دیا ہے
کہ اگر معصوم بچیوں کے قاتل عمران عرف مانا کو عدالت سے سزائے موت ملنے کے بعد پھانسی دی گئی تو کوئی بھی اس کے نماز جنازہ میں شرکت نہیں کرے گا۔ جبکہ قصور شہر کے علمائے کرام اور مذہبی حلقے نے عمران کی ممکنہ نماز جنازہ پڑھانے سے بھی انکار کر دیا ہے ۔قصور شہر کے مذہبی حلقوں کا ایک نامور نام مفتی حامد علی قادری کا بھی ہے ۔ مفتی حامد علی قادری کا کہنا تھا کہ مجھ سمیت دیگر ذمہ دار عالم دین اس درندہ صفت اور سفاک انسان کی نماز جنازہ نہیں پڑھائیں گے۔