اسلام آباد (آئی این پی) امریکی قائم مقام معاون وزیر خارجہ ایلیس ویلز نے دفتر خارجہ میں سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ سے ملاقات کی‘ ایلیس ویلز کا دورہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان باقاعدہ رابطوں کا حصہ ہے‘ رابطوں
کا مقصد خطے میں امن و استحکام کیلئے مشترکہ حکمت عملی تلاش کرنا ہے‘ ملاقات میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ٹویٹ کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال‘ افغانستان میں قیام امن اور سکیورٹی معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ پیر کو ترجمان امریکی سفارت خانہ کے مطابق امریکی قائم مقام معاون وزیر خارجہ ایلیس ویلز اسلام آباد پہنچیں۔ ایلیس ویلز نے دفتر خارجہ میں سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں امریکی صدر ٹرمپ کی ٹویٹ کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔ افغانستان میں قیام امن ‘ سکیورٹی معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس کے علاوہ ملاقات میں پاک امریکہ تعاون کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ قائم مقام امریکی نائب وزیر خارجہ کا گزشتہ اگست کے بعد یہ تیسرا دورہ ہے۔ دفتر خارجہ کے مطابق ایلیس ویلز کا دورہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان باقاعدہ رابطوں کا حصہ ہے رابطوں کا مقصد خطے میں امن و استحکام کیلئے مشترکہ حکمت عملی تلاش کرنا ہے۔ (ن غ)