اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)بھارتی آرمی چیف کی دھمکیوں اور پاکستان کی ایٹمی صلاحیت پر شک کے اظہار کے بعد پاک فوج کی جانب سے ردعمل سامنے آچکا اور اب وزیر خارجہ خواجہ آصف نے اپنے ایک بیان میں بھارتی آرمی چیف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کو اگر پاکستان کی ایٹمی صلاحیت پر شک ہے تو وہ آزماکر دیکھ لے اس کے تمام شک دور کر دئیے جائیں گے ۔
سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں خواجہ آصف کا کہنا تھاکہ بھارتی آرمی چیف کی جانب سے انتہائی غیر سنجیدہ بیان دیا گیا، اس قسم کا بیان انہیں زیب نہیں دیتا۔خواجہ آصف نے مزید کہا کہ بھارتی آرمی چیف کا بیان جوہری تصادم کی پیش کش کے مترادف ہے، اگر ان کی یہی خواہش ہے تو ہم انہیں خوش آمدید کہتے ہیں کہ وہ ہمارے عزم کو آزما کر دیکھ لیں، انشاء اللہ بھارتی جنرل کا شک و شبہ جلد دور ہو جائے گا۔ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے بھی بھارتی آرمی چیف کے بیان پر کہا کہ بھارتی آرمی چیف کی جانب سے دھمکی آمیز اور غیر ذمہ دارانہ بیان بھارت کے سازشی ذہن کی عکاسی کرتا ہے لیکن پاکستان کسی بھی قسم کی مزاحمت کا جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ بھارتی آرمی چیف کے بیان کو غیر سنجیدہ نہیں لیا جائے گا، غلط اندازے پر کسی بھی قسم کی کارروائی نہ کی جائے کیونکہ پاکستان اپنے دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔خیال رہے کہ بھارتی آرمی چیف بپن راوت نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ وہ پاکستان کی جوہری صلاحیت کو ایک فریب قرار دینے کے لیے تیار ہیں۔بھارتی آرمی چیف کے اس بیان پر پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ ہماری قابل بھروسہ ایٹمی صلاحیت نے ہی بھارت کو جنگ سے روک رکھا ہے، لیکن اگر بھارت ہمارے عزم کو آزمانا چاہتا ہے تو آزما کر دیکھ لے، نتیجہ خود دیکھ لے گا۔