اسلام آباد(این این آئی) سپریم کورٹ نے پی سی او ججز کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی ختم کردی۔چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 4 رکنی خصوصی لارجر بینچ نے پی سی او کے تحت حلف اٹھانے والے ججز کے خلاف توہین عدالت کی 14 درخواستوں کی سماعت کی۔دوران سماعت چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا کہ سابق چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ افتخار حسین چوہدری کا انتقال ہوگیا ہے اور یہ معاملہ بھی
10 سے 11 سال پرانا ہوچکا ہے۔چیف جسٹس نے کہاکہ توہین عدالت کا معاملہ عدالت اور مدعا علیہان کے درمیان ہوتا ہے اور یہ ججز اب اپنے عہدوں پر نہیں رہے اس لیے عدالت توہین عدالت کی کارروائی نہیں کررہی اور اس حوالے سے نوٹس واپس لے رہی ہے۔واضح رہے کہ 2007 میں سابق فوجی صدر پرویز مشرف کے دور میں تین نومبر 2007 کو پی سی او نافذ کیا گیا تھا جس کے تحت کئی ججز نے حلف اٹھایا تھا۔بعد ازاں پرویز مشرف کے اقدامات کو سپریم کورٹ نے غیر آئینی قرار دیا تھا۔