لاڑکانہ (آن لائن) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ بیوی کو ناراض کر سکتے ہین لیکن ووٹرز کو نہیں کیونکہ سیاستدان کو لائف لائن صرف عوام سے ہی ملتی ہے،عمران خان اور میں ہم عمر ہیں، عمران خان پہلے خیبرپختونخوا کو بچائیں بعد میں سندھ کی بات کریں امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ دنیا کے امن کو خطرے میں ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے لاڑکانہ میں یونیورسٹی
کے کانوکیشن کے بعد صحافیوں سے گفتگو کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ ووٹرز کو ناراض نہیں کر سکتے کیونکہ سیاستدانوں کو لائف لائن صرف عوام سے ہی ملتی ہے ملکی سیاست میں جو ہو رہا ہے وہ اچھا نہیں ۔موجودہ حکومت نے اداروں سے ٹکراؤ کی پالیسی اپنائی ہوئی ہے اداروں سے جنگ ملک کے لئے نقصان دہ ہو گی ۔ عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ میں اور عمران خان ہم عمر ہیں وہ پہلے خیبرپختونخوا کی حکومت کو بچائیں بعد میں سندھ کی بات کریں ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں عوام کو پینے کا صاف پانی میسر نہیں ۔ لاہور کا پانی پینے کے قابل نہیں ملک میں پچاس فیصد لوگ غربت کی زندگی گزار رہے ہیں ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کے بیشتر ہسپتالوں میں مریضوں کو ڈاکٹرز میسر نہیں کوئی بھی ڈاکٹر دیہات میں ڈیوٹی دینے کے لئے تیار نہیں ۔ ڈونلڈٹرمپ کے حالیہ بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ امریکی صدر دنیا کے امن کو خطرے میں ڈالنے کے لئے آگے آئے ہیں ۔ ٹرمپ کی پوری کوشش ہے کہ دنیا کا ا من خطرے میں پڑ جائے ۔