اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی ، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور وزیراعظم آزادکشمیر فاروق حیدر کا لائن آف کنٹرول پر فارورڈ کہوٹہ سیکٹر کے علاقے چڑی کوٹ میں اگلے مورچوں کا دورہ، لائن آف کنٹرول کی تازہ صورتحال پر
بریفنگ دی گئی، کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے، شاہد خاقان عباسی کا ایک بار پھر پاکستانی موقف کا اعادہ۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور وزیراعظم آزادکشمیر فاروق حیدرنے لائن آف کنٹرول پر فارورڈکہوٹہ سیکٹر کے علاقے چڑی کوٹ میں اگلے مورچوں کا دورہ کیاہے۔ اس موقع پر وزیراعظم اور آرمی چیف کو لائن آف کنٹرول پر تازہ صورتحال پر بریفنگ دی گئی ۔ وزیراعظم اور آرمی چیف نے اگلے مورچوں پر موجود جوانوں اور افسران کے بلند مورال کی تعریف کرتے ہوئے دفاع وطن کیلئے ان کے عزم و حوصلے کو سراہا۔ ملک کی تینوں اہم شخصیات نے اس موقع پر شہداکیلئے فاتحہ خوانی کی بھی جبکہ اس موقع پر وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نے کشمیر پر پاکستانی موقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستا ن کشمیریوں کے حق خودارادیت کی مکمل حمایت کرتا ہے اور کشمیریوں کی سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔