اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر کھیل ریاض پیرزادہ اپنے ہی قائد میاں نوازشریف پر برس پڑے ،کہتے ہیں عدالتی فیصلوں پر تنقید نہیں کی جاسکتی ،انصاف کی توقع کی جاتی ہے۔اسٹیبلشمنٹ کے فیصلوں کیخلاف تب جائیں اگر آپ نیلسن منڈیلا ہوں۔نجی ٹی وی سے بات چیت کے دوران ریاض پیرزادہ کا مزید کہنا تھا کہ میں نے پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ شہبازشریف کو عبوری طور پر معاملات سنبھال لینے چاہئیں۔موجودہ حالات میں شہبازشریف
ہی بہترین چوائس ہیں۔واضح رہے کہ آج صبح سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں نواز شریف نے کہا تھا کہ ججز کا سارا بغض‘ غصہ اور الفاظ تاریخ کا سیاہ باب بنیں گے‘ معلوم تھا کہ فیصلہ میرے حق میں نہیں آئے گا‘ عدالت کا فیصلہ بھی سیاہ حروف میں لکھا جائے گا‘ جج صاحبان بغض سے بھرے بیٹھے ہیں۔ بدھ کو احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ پتا تھا کہ میرے حق میں فیصلہ نہیں آئے گا۔ ججز کا بغض اور غصہ ان کے الفاظ میں آگیا ہے۔ میں سمجھتا ہوں سارا بغض‘ غصہ اور الفاظ تاریخ کا سیاہ باب بنیں گے۔ پچھلے ستر سال میں کئی سیاہ اوراق لکھے گئے ہیں۔ عدالت کا یہ فیصلہ بھی سیاہ حروف میں لکھا جائے گا۔ اس طرح تو ہر ریفرنس کیلئے ہمیں صرف ڈیڑھ ماہ کا وقت ملے گا جج صاحبان بغض سے بھرے بیٹھے ہیں۔