لاہور (این این آئی )پنجاب حکومت نے سموگ کے باعث صوبے بھر میں تعلیمی اداروں کے اوقات کار تبدیل کردیئے ، تعلیمی ادارے آج ( بدھ ) سے صبح 9بجے کھلیں گے اور چھٹی اڑھائی بجے ہوا کرے گی جبکہ جمعہ کے روز چھٹی 12بج کر 15منٹ پر ہو گی ۔تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب بھر میں سموگ کے باعث لوگ زنزلہ ،زکام ،کھانسی،گلے کی خراش اور آنکھوں کی تکلیف میں مبتلا ہورہے ہیں
اور اس سے خاص طور پر طلبااور چھوٹے بچے متاثر ہورہے ہیں جس پر پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں تعلیمی اداروں کے اوقات کار تبدیل کر دیئے ہیں اور نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے ۔جس کے مطابق آج ( بدھ ) سے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کے نظام الاوقات منگل تا جمعرات اورہفتہ کے روز صبح 09:00بجے تا02:30بجے سہ پہر ہوں گے جبکہ جمعہ کے دن سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کے نظام الاوقات صبح 09:00تا12:15دوپہر ہوں گے۔ اس حوالے سے صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن رانا مشہود احمد خاں کاکہناتھا کہ پنجاب میں بڑھتی ہوئی سموگ کے پیش نظر وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر سکولوں کے اوقات کار میں تبدیلی کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کا مقصد طالبعلموں کو سموگ سے محفوظ رکھنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج ( بدھ ) سے تمام سکول نئے اوقات کار پر عملدرآمدکریں،خلاف ورزی کرنے والے سکولوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ جب تک سموگ ختم نہیں ہوجاتی تب تک سکولوں کے اوقات یہی رہیں گے اور سکولوں میں ماسک بھی تقسیم کئے جائیں گے۔