لاہور(آن لائن) لاہور سمیت پنجاب کے مخلتف شہروں میں شدید دھنداور سموگ کے باعث معمولات زندگی مفلوج ہو کر رہ گئے۔ حد نگاہ کم رہ جانے کے باعث موٹر وے کو کئی مقامات پر بند کر دیا گیا ہے۔ نیشنل ہائی وے پر بھی ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے۔ پنجاب بھر میں فلائیٹ آپریشن بھی بری طرح متاثر ہوا جبکہ لاہور ائیرپورٹ کو حد نگاہ صفر رہ جانے کے باعث بند کر دیا گیا۔ راولپنڈی، ملتان اور فیصل آباد کے ایئرپورٹس پر بھی پروازیں تاخیر کا شکار ہیں۔
دھند اور سموگ کے باعث ٹرینوں کی آمدورفت کا شیڈول بھی متاثر ہوا ہے، گاڑیوں کی روانگی میں کئی کئی گھنٹے تاخیر کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ادھر پنڈی بھٹیاں میں دھند کے باعث موٹروے ایم 2 پر لاہور سے اسلام آباد جانے والی 15 گاڑیاں ٹکرا گئیں۔ حادثے میں ایک شخص جاں بحق اور 25 زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ 3 افراد کی حالت غیر ہونے کے پیش نظر الائیڈ ہسپتال فیصل آباد ریفر کر دیا گیا۔