اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) سابق وزیراعظم نواز شریف نے تنقید کا رخ بدلنے کا ارادہ کر لیا ہے، ایک نجی ٹی وی ذرائع کے مطابق نواز شریف پیپلز پارٹی اور آصف زرداری کو تنقید کا نشانہ بنائیں گے، میاں محمد نواز شریف پیپلزپارٹی کی طرف سے مثبت جواب نہ ملنے کی وجہ سے سخت نالاں ہیں، اب آصف علی زرداری کے خلاف سخت رویہ اختیار کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے جبکہ شہباز شریف بھی نواز شریف کو اداروں کے ساتھ ٹکراؤ کی پالیسی بدلنے کا مشورہ دے چکے ہیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق خواجہ آصف،چوہدری نثاراور شہباز شریف ابھی پیپلز پارٹی کے ساتھ محاذ آرائی
کے حق میں نہیں ہیں جبکہ نواز شریف اینٹی پیپلز پارٹی ووٹرز کی ہمدردی حاصل کرنے کی کوشش کریں گے، ن لیگ نے جلسوں کا فیصلہ کیا اور ان جلسوں میں پیپلز پارٹی کو تنقید کا نشانہ بنایا جائے گا، ذرائع کے مطابق چھ کے قریب وفاقی وزیر اور ایک دو سینئر صحافی بھی ہیں جو بلاول بھٹو زرداری اور آصف علی زرداری سے رابطہ کرتے رہے ہیں لیکن کسی نے بھی پیپلز پارٹی کی طرف سے نواز شریف کی کوششوں کا مثبت جواب نہیں دیا، اس کے بعد نواز شریف نے میدان میں آ نے کا فیصلہ کیا ہے اب وہ جو جلسے کریں گے ان میں پیپلز پارٹی کو بھی آڑے ہاتھوں لیا جائے گا۔