لندن (مانیٹرنگ ڈیسک) سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ (ن) کے سربراہ میاں نواز شریف سے اہم ملاقات کے لئے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی آئندہ چند روز میں لندن آمد متوقع ہے ، جب کہ میاں نواز شریف عمرہ کی ادائیگی کے بعد
مکہ مکرمہ سے روضہ رسولﷺ پر حاضری دینے کے لئے مدینہ منورہ روانہ ہو گئے ہیں ۔ شریف فیملی کے ذرائع کے مطابق نواز شریف کی سعودی عرب سے پاکستان واپسی کا پروگرام ایک دفعہ پھر موخر کردیا گیا ہے ۔ ان کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی طبیعت خراب ہونے اور دوبارہ ہسپتال میں داخل کرائے جانے کے بعد نواز شریف کی پاکستان واپسی کے پروگرام میں تبدیلی کی گئی ہے ۔ نواز شریف دو دن مدینہ منورہ میں قیام کے بعد سعودی عرب سے لندن واپس آجائیں گے ۔ دریں اثناء ذرائع کے مطابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی آئندہ چند روز میں لندن آمد متوقع ہے جس میں وہ نواز شریف سے اہم ملاقات کرینگے ۔ اس ملاقات میں پاکستان کی سیاسی صورتحال ، ملک میں مفاہمت اور اداروں سے عدم ٹکراؤ کی پالیسی کے امور پر بات چیت کی جائے گی ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ رات وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی لاہور میں وزیر اعلیٰ پنجاب سے اہم ملاقات کے بعد دونوں رہنماؤں کی برطانیہ کے نجی دورے کے بارے میں غور کیا گیا ہے اور اس بات کا امکان ہے کہ وہ آئندہ چند روز میں لندن آئینگے ۔