نئی دہلی(این این آئی) افغانستان کے صدر اشرف غنی نے کہا ہے کہ ان کا ملک اس وقت تک پاک چین اقتصادی راہداری کا حصہ نہیں بنے گا جب تک پاکستان انہیں بھارت کی سرحدوں واہگہ اور اٹاری تک رسائی نہیں دے گا۔ڈی این اے کی رپورٹ کے مطابق نئی دہلی میں ویویکانندا انٹرنیشنل فاؤنڈیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے
اشرف غنی کا کہنا تھا کہ اگر سی پیک کے ذریعے بھارت تک رسائی نہیں دی گئی تو کابل پاکستان کی وسطی ایشیا ء تک رسائی کو روک دے گا۔ڈی این اے کی رپورٹ کے مطابق افغان صدر کا کہنا تھا کہ پاکستان کو لاجسٹک سمیت دیگر بنیادی معلومات فراہم کردی گئی ہیں اب پاکستان نے فیصلہ کرنا ہے اور ہمارا رد عمل پاکستان کے فیصلے پر انحصار کرتا ہے۔رپورٹ میں اشرف غنی کے حوالے سے کہا گیا کہ انہوں نے امریکہ کی نئی افغان پالیسی میں بھارت کے کردار پر بات چیت کو خوش آمدید کہا۔اشرف غنی نے ٹرمپ انتظامیہ کی جنوبی ایشیا ء سے متعلق حکمت عملی کو خطے کے لیے گیم چینجر قرار دیا جیسا کہ وہ خطے میں مختلف کثیر جہتی حالت پر مبنی نقطہ نظر کی تجویر دیتے ہیں۔