\اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری عمران کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری معطل، نواز شریف کی پارٹی صدارت پر حکم امتناعی کی درخواست پر سابق وزیراعظم کو نوٹس جاری۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں آج دو نہایت اہم کیسز سے متعلق فیصلہ سنا دیا گیا ہے جس میں الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کو معطل کر دیا گیا ہے جبکہ نا اہل شخص کی پارٹی صدارت کے حوالے سے
حکم امتناعی کی درخواست پر سابق وزیراعظم نواز شریف کو نوٹس جاری کر دیا گیا ہے۔ سلام آباد ہائی کورٹ میں عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کے خلاف درخواست کی سماعت کرتے ہوئے لارجر بنچ میں شامل جسٹس عامر فاروق، جسٹس محسن اخترکیانی اور جسٹس میاں گل حسن ارنگزیب نےعمران خان کے جاری ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری معطل کرتے ہوئے فریقین کو نوٹسز جاری کردیئے۔واضح رہے کہ گزشتہ دنوں الیکشن کمیشن نے توہین عدالت کیس میں عمران خان کے خلاف ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے جس کے بعد عمران خان نے 26 اکتوبر کو الیکشن کمیشن میں رضاکارانہ طور پر پیش ہونے کا فیصلہ کیا تھا تاہم بعد میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے اپنا فیصلہ تبدیل کرتے ہوئے الیکشن کمیشن سے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کے اجرا پر عدالت سے رجوع کرلیا اور پی ٹی آئی کے رہنما بابراعوان کے توسط سے عمران خان نے وارنٹ گرفتاری کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔دوسری جانب پارٹی صدارت کے حوالے سے وکیل مخدوم نیاز انقلابی کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کرتے ہوئے اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے پارٹی صدارت پر نواز شریف کو نوٹس جاری کر دیا۔ درخواست میں وکیل مخدوم نیاز انقلابی نے موقف اختیار کرتے ہوئے استدعا کی
تھی کہ انتخابی آئینی ترمیم جو کہ پارلیمنٹ نے منظور کی ہے جس کے تحت نواز شریف نا اہل ہونے کے باوجود پارٹی کی صدارت کیلئے اہل ہو گئے ہیں اس پر حکم امتناعی جاری کیا جائے کیونکہ ان کی اس حوالے سے درخواست ہائیکورٹ اور الیکشن کمیشن میں ترمیم سے قبل دائر کی گئی تھی ، اس لئے جب تک اس درخواست کا فیصلہ نہیں ہوجاتا حکم امتناعی جاری کیاجائے
جس پر گزشتہ روز دلائل سننے کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا تھا جس پر آج فیصلہ سناتے ہوئے اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو نوٹس جاری کر دیا ہے۔