اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)مسلم لیگ(ن) کے ممبر قومی اسمبلی مخدوم علی حسن گیلانی کی مندر میں ہندوؤں کیساتھ مبینہ پوجا پاٹ کی ویڈیو منظر عام پر آگئی ۔روزنامہ خبریں میں شائع خبر کے مطابق معلوم ہوا ہے کہ مخدوم سید علی حسن گیلانی ایم این اے دیوالی کی تقریبات جگ پورہ کے موقع پر بھنڈارا لعل کی دعوت پر مندر میں ہندوؤں کی پوجا پاٹ میں پہنچے ۔سابق ایم پی اے حسن عسکری شیخ بھی ہمراہ تھے ۔
انہوں نے رام مندر کی تعمیر کرانے کا اعلان بھی کیا۔ بعد ازاں بھنڈاری لعل و دیگر ہندو افراد نے بھگوان مورتی کے سامنے ہندو زبان میں دعا بھی کرائی جس میں مخدوم علی حسن گیلانی اور حسن عسکری شیخ نے بھی شرکت کی ۔مورتی کے سامنے دئیے جلائے اور مندر میں ہندو ازم کے پرچار کے نعرے بھی لگوائے ۔اس موقع پر ہاشم رضا جمالی و دیگر لیگی کارکن بھی موجود تھے ۔ایم پی اے مخدوم سید افتخار حسن گیلانی کا اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہنا تھا ایم این اے کی جانب سے تاریخی شہر میں مندر کے قیام کے اعلان کی مذمت کرتے ہیں ۔دین اسلام ہمیں دوسرے مذاہب کے ساتھ اچھے برتاؤ کی تلقین ضرور کرتا ہے مگر بحیثیت مسلمان مورتی کے آگے پوجا پاٹ ،دیا جلانے اور دعا کرنے کی ہرگز اجازت نہیں ہے ۔مذکورہ ایم این اے کے اس عمل سے مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی ہے اور سادات خاندان کی بے حرمتی کی گئی ہے ۔ایم پی اے نے ایم این اے سے فوری تجوید ایمان اور کفارہ ادا کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ چند ووٹوں کی خاطر اپنے دین کے ساتھ کھلواڑ کرنے والے کچھ تو ہوش کے ناخن لیں ۔سیاست میں اتنا آگے نہ جائیں کہ دائرہ اسلام سے بھی خارج ہونے کی نوبت آجائے۔