اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈا کرنے والے دو ملزمان کو ہفتے وار چھٹی کی وجہ سے ہفتہ کو عدالت میں پیش نہیں کیا جاسکا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈا کرنے والے دو ملزمان کو ہفتے وار چھٹی کی وجہ سے ہفتہ کو عدالت میں پیش نہیں کیا جاسکا۔ ایف آئی اے کی جانب سے ملزمان کو (کل)پیر کو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
راولپنڈی کے انور عادل اور واجد رسول کے خلاف غیر قانونی مواد کی تشہیر کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔دریں اثناء سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں محمد نوازشریف نے پارٹی کے سوشل میڈیا حامیوں کی گمشدگی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مخالفانہ سیاسی نقطہ نظر کو جبراً دبانا قابل مذمت ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق ایک بیان میں سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ سوشل میڈیا سمیت، آزادی اظہار رائے کا احترام اور تحفظ حکومت کی آئینی ذمہ داری ہے ٗمخالفانہ سیاسی نقطہ نظر کو جبراً دبانا قابل مذمت ہے۔سابق وزیراعظم نے مسلم لیگ (ن) کے مؤقف کی حمایت کرنے والے سوشل میڈیا صارفین کی گمشدگی اور انہیں ہراساں کرنے کی کوششوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے آزادی رائے پر حملہ قرار دیا۔نواشریف نے کہا کہ ملکی قانون، شائستگی اور اپنی اقدار کے دائرے میں رہتے ہوئے ہر کسی کو اپنی رائے کے اظہار یا کسی دوسرے کی رائے سے اختلاف کا حق حاصل ہے۔انہوں نے کہا کہ میں آزادی اظہار رائے کے حق پر پختہ یقین رکھتا ہوں لہٰذا وزارت داخلہ اس صورتحال کا فوری نوٹس لے اور گمشدہ افراد کی بازیابی کو یقینی بنائے۔