اسلام آباد(آن لائن) سری لنکا کے صدر مھتری پالا سری سینا نے اگلی سارک کانفرنس کی میزبانی کے لیے پاکستان کی حمایت کا وعدہ کرلیا۔دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق سیکریٹری خارجہ تہمینہ درانی سے ملاقات کے دوران مھتری پالا سری سینا نے کہا کہ علاقائی تعاون کو فروغ دینے کے لیے تجارتی تنظیم کو ہر صورت مضبوط بنانا چاہیے۔یاد رہے کہ گزشتہ سال پاکستان میں سارک کانفرنس شیڈول تھی، تاہم بھارت کے شرکت سے
انکار کے بعد اسے منسوخ کردیا گیا تھا۔سری لنکا کے ساتھ دوطرفہ سیاسی مشاورتی اجلاس کے پانچویں راؤنڈ کے لیے تہمینہ جنجوعہ پاکستانی وفد کے ہمراہ کولمبو میں موجود ہیں۔اپنے دورے کے دوران وہ سری لنکا کی ’پاکستان اَلْمنائی سوسائٹی‘ کا بھی افتتاح کریں گی۔ملاقات کے دوران سری لنکن صدر نے پاکستان پر زور دیا کہ وہ سری لنکا میں چینی اور سیمنٹ انڈسٹریز میں سرمایہ کاری کرے، کیونکہ وہاں ان اشیا کی طلب پیداوار سے زیادہ ہے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت سری لنکا میں ملکی ضروریات کی صرف 20 فیصد چینی پیدا کی جاتی ہے۔سیکریٹری خارجہ نے سری لنکن صدر کو لائیو اسٹاک اور ڈیری سیکٹرز میں مدد کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے دونوں ممالک کے درمیان بات چیت کا عمل جاری ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان، سری لنکا میں ترقیاتی منصوبوں میں تعاون بھی جاری رکھے گا۔اس موقع پر مھتری پالا سری سینا نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں بطور دوست اور برادر ملک حمایت اور ملک میں جاری اندرونی تنازع کو ختم کرنے میں تعاون کی فراہمی پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔واضح رہے کہ سری لنکا کی جانب سے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ کیلئے اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے کااعلان کر رکھا ہے۔