اسلام آباد (آئی این پی) سابق وزیراعظم نواز شریف کو آئندہ چار سال کیلئے مسلم لیگ (ن) کے بلا مقابلہ صدر منتخب کرلئے گئے‘ نواز شریف کے مقابلے میں کسی امیدوار نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے‘ وزیر مملکت برائے کیڈ طارق فضل چوہدری میاں نواز شریف کے تجویز کنندہ جبکہ رانا محمد افضل خان تائید کنندہ تھے۔ منگل کویہاں مسلم لیگ(ن) کی جنرل کونسل کا اجلاس ہو ا جس میں نواز شریف کو مسلم لیگ (ن) کا بلا مقابلہ صدر منتخب کیاگیا ۔
نواز شریف کے مقابلے میں کسی امیدوار نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے۔ نواز شریف کی جانب سے طارق فضل چوہدری نے الیکشن کمیشن میں کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔ طارق فضل چوہدری ہی نواز شریف کے پارٹی صدارت کے تجویز کنندہ جبکہ رانا محمد افضل خان تائید کنندہ تھے۔ چار مزید کاغذات نامزدگی بھی مختلف افراد کی جانب سے الیکشن کمیشن میں جمع کرائے گئے جن میں پارٹی صدارت کیلئے امیدوار نواز شریف ہی ہیں۔ نواز شریف کی کامیابی کا اعلان کنونشن سینٹر میں کیا گیا کہ نواز شریف کو اگلے چار سال کے لئے مسلم لیگ (ن) کا صدر منتخب کیا گیاہے ۔بعد ازاں (ن) لیگ کی جنرل کونسل سے بھی بلا مقابلہ انتخاب کی توثیق کرائی گئی۔ چیف الیکشن کمشنر چوہدری جعفر اقبال نے نومنتخب پارٹی صدر کا اعلان کیا نواز شریف اس سے قبل 18اکتوبر 2016 کو مسلم لیگ (ن) کے پارٹی صدر منتخب ہوئے تھے۔