اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کی طرف سے الیکشن پر ترمیمی بل منظور کر لیا گیا، اس دوران قومی اسمبلی اجلاس میں عوامی مسلم لیگ کے رہنما شیخ رشید احمد نے کہا کہ ختم نبوت کو الیکشن ترمیم سے نکال دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق شیخ رشید احمد نے مسلم لیگ (ن) والوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ آنے والے الیکشن کا جو تقدس بحال کر رہے تھے وہ خاک میں مل گیا ہے، انہوں نے کہا کہ ہم لوگ آپ لوگوں کے
ساتھ 126 دن بیٹھے، انہوں نے مولانا فضل الرحمان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کہاں ہیں مولانا فضل الرحمان آج آپ نے ختم نبوت کو الیکشن کی ترمیم سے نکال دیا ہے، کہاں ہیں عطاء اللہ شاہ بخاری کے ماننے والے، کہاں ہیں احراروں کے ماننے والے، شیخ رشید احمد نے سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جناب سپیکر یہ اپنی اکثریت پر جمہوریت کی قبر کھود لیں، آج جمہوریت کے تابوت میں کیل ٹھونکی جا رہی ہے۔