اسلام آباد(آن لائن)وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے مستعفی ہونے سے متعلق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے نواز شریف کو اعتماد میں لے لیا ہے ۔آئیندہ چوبیس گھنٹوں میں استعفیٰ طلب کیے جانے کا امکان ہے ۔انتہائی معتبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ وزیرا عظم شاہد خاقان عباسی نے میاں نواز شریف کو قائل کر لیا ہے کہ وفاقی وزیر خزانہ پر فرد جرم بھی عائد ہو چکی ہے اب انہیں عہدہ سے مستعفی ہو جانا چاہیے
حالانکہ ان کے خلاف جب ریفرنس عدالت گیا تھا اس وقت مستعفی ہو جاتے تو بہتر ہوتا مگر اب مستعفی ہونا ناگزیر ہے ،دوسری جانب مفتاح اسماعیل کو مشیر خزانہ بنانے سے متعلق بھی مشاورت ہوئی ہے جس پر نواز شریف نے کہا کہ شہباز شریف سے بھی بات کی جائے تاکہ افہام و تفہیم سے مشیر خزانہ کو تعینات کیا جا سکے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف نے بھی وزیراعظم کو یقین دہانی کرائی ہے کہ اسحاق ڈار بہت جلد اپنا استعفی ٰ جلد دیدیں گے ،ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف سے کہا کہ وزیر خزانہ اگر اپنے عہدہ پر قائم رہے تو اگلا قومی اسمبلی سیشن اس بات سے ہی آگے نہیں بڑھ سکتا ،پھر حکومت کے لیے دفاع کرنامشکل ہو جائیگا۔معلومات کے مطابق شہباز شریف مفتاح اسماعیل کو پسند نہیں کرتے ہیں جس کے باعث اسحاق ڈار اپنے عہد ہ سے استعفیٰ نہیں دے رہے ہیں ،شہباز شریف مشیر خزانہ کے لیے کسی اور کو پسند کرتے ہیں جس کے باعث وزیر خزانہ کا قلمدان کسی اور کو سونپنے میں دشواری کا سامنا ہے جبکہ وزیرا عظم شاہد خاقان عباسی نے میاں نواز شریف کو قائل کر لیا ہے کہ وفاقی وزیر خزانہ پر فرد جرم بھی عائد ہو چکی ہے اب انہیں عہدہ سے مستعفی ہو جانا چاہیے