اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)شریف خاندان کیلئے اگلے دو دن اہم ، سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف اور اہل خانہ کی وطن واپسی سمیت آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران اہم فیصلے کیے جائیں گے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اب سے کچھ دیر بعد لندن روانہ ہوں گے۔ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی بھی نیویارک سے واپسی پر لندن رکیں گے۔
اسحاق ڈار، خواجہ آصف، مریم نواز بھی لندن میں موجود ہوں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت لندن میں مشاورتی اجلاس ہو گا جس میں اہم فیصلے ہوں گے جبکہ ملکی سیاسی صورتحال اور آئندہ کی حکمت عملی پر غور کیا جائے گا۔پارٹی کے آئندہ صدر اور دیگر تنظیمی امور کا بھی فیصلہ کیا جائے گا۔ احتساب عدالتوں میں پیش ہونے یا نہ ہونے سے متعلق بھی فیصلہ کیا جائے گا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز بیگم کلثوم نواز کو تیسری سرجری کے بعد ڈسچارج کر دیا گیا تھا ۔اس موقع پر مریم نواز کا کہنا تھا کہ وہ ان تمام لوگوں کی شکرگزار ہیں جنہوں نے ان کی والدہ کیلئے دعائیں کیں ۔