اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) نیب کی طرف سے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے اکاؤنٹس منجمد کیے جانے کے بعد معلوم ہوا ہے کہ ان کے بینک اکاؤنٹس میں 87کروڑ روپے موجود ہیں۔ یہ رقم لاہور کے دو نجی بینکوں کی برانچوں میں موجود ہے۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے الیکشن کمیشن میں جمع کرائے گئے گوشواروں نے ان کے اثاثوں تک پہنچنے میں مدد کی۔ ایک قومی اخبار کے مطابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے اثاثوں کی خرید و
فروخت سے متعلق خطوط جمعہ کو لکھے گئے۔ اس کے علاوہ یہ بھی معلوم ہوا کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی پاکستان میں اربوں روپے کی جائیداد بھی موجود ہے اس جائیداد کا حصہ کوٹھیاں، بینکوں میں 87کروڑروپے اور زرعی رقبہ ہے۔ نیب کے حکم کے بعد وزیر خزانہ اسحاق ڈارکے اکاؤنٹس میں پیسے جمع تو کرائے جا سکتے ہیں مگر نکلوائے نہیں جا سکتے اس کے علاوہ ان جائیداد کی خرید و فروخت پر بھی پابندی ہے۔