لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)سانحہ ماڈل ٹاون کیس پر لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے حکم سنائے جانے کا بعد پنجاب حکومت نے اپنی حکمت عملی بنانے کیلئے ہنگامی طور پر اہم اجلاس طلب کر لیانجی ٹی وی کے مطابق رانا ثنا اللہ اور رانا مقبول سمیت اہم قانونی مشیر اس اجلاس کا حصہ ہوں گے ۔ اجلاس میں لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کو چیلنج کرنے کے حوالے سے حکمت عملی بنائی جائے گی ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق موجودہ صورتحال
میں پنجاب حکومت نے تفصیلی فیصلہ ملتے ہی انٹرا کورٹ میں فیصلہ چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔یاد رہے کہ اس سے پہلے لاہور ہائیکورٹ نے سانحہ ماڈل ٹائون کی رپورٹ منظر عام پر لانے کا حکم دیا تھا۔ عوامی تحریک نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کی رپورٹ منظر عام پر لا نے کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دے رکھی تھی ۔ عوامی تحریک کی درخواست پر لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مظاہر علی اکبر نے فیصلہ سناتےہوئے رپورٹ کو منظرعام پر لانے کا حکم دے دیاہے ۔واضح رہے کہ 17جون 2014کو پولیس نے منہاج القرآن کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کی رہائش گاہ پر رکاوٹیں ہٹانے کے لیے آپریشن کیا تھا جس میں کارکنان کی مزاحمت کرنے پر پولیس نے ان پر فائرنگ کر دی تھی جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت متعدد افراد شہید ہو گئے تھے ۔سانحہ کی تحقیقاتی رپورٹ جسٹس باقر نجفی نے تیار کی تھی مگر حکومت نے اسے منظر عام پر لانے سے انکار کر دیا تھا اور اس رپورٹ کی عوام تک رسائی سے گریزاں رہی ہے۔