اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) نیب نے نواز شریف بچوں کے اثاثے منجمد کر دیے ہیں، تفصیلات کے مطابق نیب نے سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کے بچوں پر جائیداد کی فروخت اور منتقلی پر پابندی عائد کر دی ہے۔ نیب لاہور کی طرف سے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے بعد سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کے بچوں پر بھی جائیداد کی فروخت اور منتقلی پر پابندی لگا دی ہے۔ میاں محمد نواز شریف کو نیب لاہور کی طرف سے اس سلسلے میں ایک خط
تحریر کیا گیا ہے اور یہ خط سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی لندن رہائش گاہ پر بھیجا گیا ہے۔ واضح رہے کہ یہ خط سابق وزیر اعظم کو نیب آرڈیننس 99 کے سیکشن 23 کے تحت لکھا گیا ہے۔ شریف خاندان کو خطوط ایون فیلڈ ریفرنس کے حوالے سے جاری کئے گئے۔ نیب لاہور نے نواز شریف کے بچوں مریم نواز، حسن اور حسین نواز کو بھی خطوط بھیج دیے ہیں۔ یہ تمام خطوط ڈی جی نیب لاہور کی منظوری سے جاری کیے گئے ہیں اور اس خط میں یہ موقف اختیار کیا گیا ہے کہ کوئی بھی خلاف ورزی سیکشن 23 کی ذیلی شق ایکے تحت قابل سزا ہے۔