لاہور (آئی این پی) وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ نجی اور سرکاری شراکت داری سے اداروں کو ترقی کی راہ پر ڈالیں گے‘ پاکستان ریلوے کی بہتری اور ترقی صرف ایک اچھی ٹیم کے باعث ممکن ہوئی ہے‘ بعض ایسے اقدامات بھی کئے ہیں جو بھارت کی ریلوے اب تک نہیں کرسکی‘
ادارے مضبوط ہوں تو کوئی کام ناممکن نہیں ہے‘ ریلوے میں ایماندار اور اہل افسروں کی کوئی کمی نہیں ہے‘ اعلیٰ افسران قلیل تنخواہوں میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ پیر کو خواجہ سعد رفیق نے ای ٹکٹنگ کے حوالے سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریلوے کی بہتری اور ترقی صرف ایک اچھی ٹیم کے باعث ممکن ہوئی ہے۔ ریلوے کی ترقی میں کارکن سے افسر تک ہر شخص کا کردار ہے۔ ریلوے سے سفارش اور بدعنوانی کا کلچر ختم ہوچکا ہے۔ ریلوے کو ترقی کے راستے پر گامزن کرنے کے لئے ادارے کے مزدور نے ہماری مدد کی۔ انہوں نے کہا کہ بعض ایسے اقدامات کئے جو بھارت کی ریلوے اب تک نہیں کرسکی خستہ حال ریلوے کو نہ صرف بہتر بنایا بلکہ جدید تقاضوں سے بھی ہم آہنگ کررہے ہیں۔ ادارے مضبوط ہوں تو کوئی بھی کام ناممکن نہیں ہے۔ ریلوے میں مال برداری کے کام میں کئی گنا اضافہ ہوچکا ہے۔ اعلیٰ افسران قلیل تنخواہوں میں اعلیٰ کارکردگی
کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ سعد رفیق نے کہا کہ ریلوے میں ایماندار اور اہل افسروں کی کوئی کمی نہیں ہے ریلوے نے اپنی کارکردگی سے اعلیٰ مثال قائم کی ہے۔ سرکاری اداروں کو دلدل سے نکال کر پائوں پر کھڑا کریں گے۔ نجی اور سرکاری شراکت داری سے اداروں کو ترقی کی راہ پر ڈالیں گے۔