اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) معروف صحافی و تجزیہ کار رؤف کلاسرا کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف پھر بھی جیت گئی، تفصیلات کے مطابق معروف تجزیہ کار رؤف کلاسرا نے کہا کہ سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے انتخابی مہم میں ہمدردی لینے کی کوشش کی کہ ماں بیمار ہے،
باپ جیل جانے والا ہے لیکن حلقہ این اے 120 کے لوگوں نے ہمدردی کی بجائے کارکردگی پر ہی مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دیے۔ معروف تجزیہ کار رؤف کلاسرا نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر مسلم لیگ (ن) والے اپنے حلقے کے مسائل حل نہ کر سکے جس نے میاں محمد نواز شریف کو تین دفعہ ملک کا وزیراعظم بنوایا تو باقی حلقوں میں ان کارکردگی ظاہر ہونے والی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو اب سمجھ آنے لگ گئی ہے کہ ووٹ کسے دینا ہے، تحریک انصاف کی ڈاکٹر یاسمین راشد کو اتنا کریڈٹ ملنا چاہیے کہ کم از کم انہوں نے ان حالات میں بھی ڈور ٹو ڈور جا کر ثابت کیا کہ میں بھی اس حلقہ میں موجود ہوں، ڈاکٹر یاسمین راشد نے ووٹوں کے مقابلے میں مسلم لیگ (ن) کو بہت مشکل وقت دیا ہے، مسلم لیگ (ن) بہت کم مارجن سے جیتی ہے، حالانکہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کے ساتھ حکومت کے تمام اراکین موجود تھے پھر بھی تحریک انصاف کی امیدوار ڈاکٹر یاسمین راشد نے اتنے ووٹ حاصل کیے، ان ووٹوں کو تحریک انصاف کی جیت ہی سمجھا جائے۔