اسلام آباد (این اینآئی)قومی احتساب بیورو(نیب ) کے چیئرمین نے حدیبیہ کیس میں اپیل دائر کرنے کی منظوری دے دی ہے جبکہ پراسیکیوٹر جنرل نیب نے سپریم کورٹ سے کہا ہے کہ ایک ہفتے میں اپیل دائر کرانے کی یقین دہانی کراتا ہوں۔ جمعہ کو جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ نے پاناما نظرثانی اپیلوں کی سماعت کے دوران حدیبیہ پیپرز کیس سے متعلق عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کی اپیل نمٹا
دی۔سماعت کے دوران پراسیکیوٹر جنرل نیب نے عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ چیئرمین نیب نے اپیل دائر کرنے کی منظوری دے دی ہے اور سپریم کورٹ میں ایک ہفتے کے اندر اپیل دائر کردی جائیگی۔اس موقع پر شیخ رشید نے اپنے دلائل میں کہا کہ حدیبیہ کیس ہی تمام جرائم کی ماں ہے اور حدیبیہ سے ہی فلیٹ سمیت تمام مقدمات نکلے ٗ عدالت میں بیان دے کر نیب حکام مکر گئے ہیں۔عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے کہا کہ ادارے ٹھیک ہوں تو جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں ہوتا، عدالتی فیصلوں کے خلاف پولیس کو سادہ کپڑوں میں سڑکوں پر لایا گیا۔جسٹس اذصف سعید کھوسہ نے شیخ رشید کو ہدایت کی کہ آپ الزامات نہ لگائیں۔اس موقع پر پراسیکیوٹر جنرل نیب نے کہا کہ شیخ رشید نے مجھے بھی اپنی درخواست میں نہیں بخشا ٗایک ہفتے میں حدیبیہ پیپرز ملز کیس سے متعلق اپیل دائر کرانے کی یقین دہانی کراتا ہوں۔عدالت نے پراسیکیوٹر جنرل نیب کی یقین دہانی پر شیخ رشید کی حدیبیہ پیپرز کیس سے متعلق اپیل نمٹا دی۔