اسلام آباد (آئی این پی) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان نے اپوزیشن لیڈر کی تبدیلی کیلئے رابطہ کیا، قائد حزب اختلاف کی تبدیلی کیلئے دیگر جماعتوں سے بھی مشاورت کریں گے، دیکھنا ہو گا کہ دیگر جماعتیں کس کی حمایت کرتی ہیں۔ جمعرات کو شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ایم کیو ایم نے اپوزیشن لیڈر کی تبدیلی کیلئے رابطہ کیا، ایم کیو ایم کو خورشید شاہ سے متعلق تحفظات ہیں، ایم کیو ایم پاکستان کی تجویز پر غور کر رہے ہیں، قائد حزب اختلاف کی تبدیلی کیلء دیگر جماعتوں سے بھی مشاورت کریں گے،
دیکھنا ہو گا کہ دیگر جماعتیں کس کی حمایت کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے ساتھ اختلافات اپنی جگہ لیکن ایشو پر تعاون کیا جا سکتا ہے۔واضح رہے کہ تحریک انصاف اور ایم کیو ایم چاہتی ہیں کہ نئے چیئرمین نیب اور نگران وزیراعظم کی تقرری سے پہلے پہلے اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کی جگہ اپنا اپوزیشن لیڈر لایا جائے۔ آئین کی رو سے نگران وزیراعظم اور چیئرمین نیب کی تقرری کے لیے اپوزیشن لیڈر سے مشاورت لازمی ہے۔ تحریک انصاف نے ایم کیو ایم سے بات چیت کے لیے اسد عمر اور عارف علوی پر مشتمل دو رکنی کمیٹی بنا دی ہے۔