اسلام آباد (آئی این پی) اسلام آباد کے ریڈ زون میں عوامی مرکز کی عمارت میں آگ لگنے سے دو نوجوان جابحق ایک ا زخمی ہو گیا‘ فائر بریگیڈ کی دس گاڑیوں نے آگ پر قابو پایا‘ آگ کے باعث پارکنگ میں موجود دو گاڑیاں بھی متاثر ہوئیں۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے ریڈ زون میں عوامی مرکز کی عمارت میں آگ لگ گئی۔ آگ کے باعث عمارت کی دوسری منزل سے دو افراد نے چھلانگ لگا دی۔ ۔چھلانگ لگانے والے دونوں افراد کو زخمی حالت میں پو لی کلینک ہسپتال منتقل کردیا گیا
جہاں پر وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے جبکہ ایک اور نوجوان بھی حادثے میں زخمی ہو گیا جس کی حالت تشویش ناک ہے ۔عمارت سے چھلانگ لگانے والے دونوں نوجوان عوامی مرکز میں قائم نجی کال سینٹر میں ملازم تھے ،ایمرجنسی راستہ موجود تھا لیکن نوجوانوں نیگھبراہٹ میں چھلانگ لگائی۔ آگ لگنے کے فوری بعد ریسکیو کا عملہ وہاں پہنچ گیا اور آگ پر قابو پایا ۔ فائر بریگیڈ کی دس گاڑیوں نے ریسکیو آپریشن میں حصہ لیا ۔ آگ عمارت کے گرائونڈ فلور پر لگی۔ آتشزدگی سے عمارت کی پہلی اور دوسری منزل زیادہ متاثر ہوئی۔ نجی ٹی وی کے مطابق آگ گرائونڈ فلور پر واقع وفاقی محتسب کے دفتر میں لگی جس سے وفاقی محتسب کا ریکارڈ بھی متاثر ہوا جبکہ آگ لگنے کے باعث پارکنگ میں موجود دو گاریاں بھی متاثر ہوئیں۔ (ن غ)