اسلام آباد(این این آئی)سپریم کورٹ آف پاکستان میں پاناما لیکس پر درخواستوں کی سماعت (آج ) یکم نومبر کو ہوگی اس سلسلے میں چیف جسٹس انور اظہیر جمالی کی سربراہی میں لارجر بینچ تشکیل دیدیا گیا لارجر بینچ میں چیف جسٹس انور ظہیر جمالی، جسٹس آصف سعید کھوسہ، جسٹس امیرہانی مسلم، جسٹس عظمت سعید شیخ اور جسٹس اعجاز الحسن شامل ہیں۔یاد رہے کہ
سپریم کورٹ وزیراعظم نواز شریف سمیت تمام فریقین کو پہلے ہی نوٹس جاری کرچکی ہے۔پاکستان تحریک انصاف،جماعت اسلامی، عوامی مسلم لیگ، جمہوری وطن پارٹی اور طارق اسد ایڈووکیٹ نے پاناما لیکس کی تحقیقات کے لیے سپریم کورٹ میں آئینی درخواستیں دائر کی تھیں۔رواں ماہ 20 اکتوبر کو ان درخواستوں پر سماعت کے بعد سپریم کورٹ نے وزیراعظم نواز شریف، وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز، داماد کیپٹن (ر) صفدر، بیٹوں حسن نواز، حسین نواز، ڈی جی فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے)، چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریوینیو (ایف بی آر) اور اٹارنی جنرل سمیت تمام فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 2 ہفتوں کیلئے ملتوی کی تھی۔بعدازاں عدالت عظمیٰ نے درخواستوں کی سماعت کیلئے یکم نومبر کی تاریخ مقرر کی تھی اس سے قبل وزیراعظم نواز شریف نے پاناما پیپرز کے حوالے سے سپریم کورٹ کی کارروائی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ آئین کی پاسداری، قانون کی حکمرانی اور مکمل شفافیت پر کامل یقین رکھتے ہیں۔