کراچی(نیو زڈیسک)ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر نے کہا ہے کہ رینجرز کا آپریشن بلا تفریق ہے اور اسے منطقی انجام تک پہنچائیں گے ‘ عوام رینجرز ہیلپ لائن پر 24 گھنٹے کارآمد اطلاعات پہنچا رہے ہیں ‘کراچی میں مقیم بلوچ مشران پر مشتمل 100 رکنی بلوچ جرگہ نے ہفتہ کو رینجرز ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا۔ بلوچ جرگہ کی قیادت رکن قومی اسمبلی عبدالحکیم بلوچ کر رہے تھے۔ بلوچ جرگہ کو رینجرز ہیڈ کوارٹر آمد پر ڈی جی رینجرز نے خوش آمدید کہا۔ ترجمان رینجرز کے مطابق ڈی جی رینجرز نے جرگہ کو کراچی آپریشن سے قبل اور حالیہ صورتحال کا تقابلی جائزہ پیش کیا۔ جرگہ سے گفتگو میں ڈی جی رینجرز نے کہا کہ عوام رینجرز ہیلپ لائن پر 24 گھنٹے کارآمد اطلاعات پہنچا رہے ہیں۔ عوام جرائم پیشہ افراد کی اطلاع رینجرز ہیلپ لائن 1101 پر دیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان رینجرز کا آپریشن بلا تفریق ہے او راس کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ ڈی جی رینجرز نے کہا کہ بلوچ عوام امن دشمنوں اور جرائم پیشہ افراد پر نظر رکھیں۔ بلوچ جرگہ نے رینجرز پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔