پشاور(نیوزڈیسک) سانحہ چارسدہ امن دشمنوں کا علم پر وار خیبر پختونخوا ایپکس کمیٹی ذمہ داروں کو کٹہرے میں لانے کیلئے پرعزم۔ گورنر سردار مہتاب عباسی کی صدارت میں ہونے والے غیر معمولی اجلاس میں کمشنر پشاور کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیٹی بنا دی گئی۔ پشاور میں ہونیوالے اجلاس میں وزیراعلیٰ پرویز خٹک، کور کمانڈر پشاور، لیفٹیننٹ جنرل ہدایت الرحمان، چیف سیکریٹری، آئی جی پولیس اور آئی جی ایف سی نے بھی شرکت کی۔ شرکا نے باچا خان یونیورسٹی پر حملے کی تحقیقات میں پیش رفت کا جائزہ لیا۔ اجلاس میں سیکیورٹی انتظامات میں غفلت کے ذمہ داروں کے تعین کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ صوبے کے تمام تعلیمی اداروں میں حفاظتی اقدامات کا جائزہ لینے کی سفارش بھی کی گئی۔ صوبائی ایپکس کمیٹی نے دہشتگردی کی روک تھام کیلئے بارڈر منیجمنٹ کے حوالے سے موثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ۔ پولیس اور ایف سی کی استعداد اور نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے حوالے سے وفاق سے متعلقہ اقدامات کی سفارشات مرکز کو بھجوانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔