ریاض(نیوز ڈیسک)وزیر اعظم نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف سعودی عرب کا ایک روزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد ایران روانہ ہوگئے۔شاہ سلمان ایئر بیس پر گورنر ریاض اور اعلیٰ سعودی حکام نے وزیر اعظم اور آرمی چیف کو رخصت کیا۔وزیر اعظم نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف ایران کے دارالحکومت تہران میں صدر حسن روحانی اور اعلیٰ حکام سے ملاقات کریں گے۔واضح رہے کہ وزیر اعظم نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف سعودی عرب اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرانے کے لیے اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ کل سعودی عرب روانہ ہوئے تھے۔گزشتہ روز وزیر اعظم اور آرمی چیف نے ریاض کے شاہی محل میں سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبد العزیز سے ملاقات کی۔ملاقات میں وزیر اعظم نے سعودی عرب اور ایران پر زور دیا ہے کہ وہ امت مسلمہ کے بہترین مفاد میں اپنے اختلافات پرامن طریقے سے دور کریں۔