اسلام آباد (نیوزڈیسک) پاکستان نے ایران اور سعودی عرب سے مثبت اشاروں کے بعد ان دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی کم کر انے کےلئے کوششیں تیز کر دیں اور اس مقصد کے لئے وزیر اعظم محمد نواز شریف نے پیر کو ایران اور سعودی عرب کا دورہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس میں وہ دنوںملکوںکی قیادت سے دوطرفہ کشیدگی کے خاتمے کے بارے میں بات چیت کریں گے۔وزیر اعظم ہاﺅس کے ذرائع کے مطابق پاکستان نے ایران اور سعودی عرب کے درمیان کشیدگی کم کر انے کےلئے کوششیں تیز کر دی ہیں اور دونوں ملکوں سے قریبی اعلیٰ سطحی رابطوں میں ملنے والے مثبت اشاروں کے بعد اب وزیر اعظم محمد نواز شریف پیر کو ایران اور سعودی عرب کا دورہ کرینگے ۔پروگرام کے مطابق وزیر اعظم نوازشریف پہلے تہران جائیں گے جہاں وہ ایرانی صدر حسن روحانی اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کرینگے جس کے بعد نواز شریف خصوصی طیارہ پر ہی سعودی عرب کے شہر ریاض پہنچیں گے جہاں ان کی سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبد العزیز سے ملاقات ہوگی ۔ ذرانع کے مطابق اس دورے میں وزیر اعظم کے ہمراہ مشیر خارجہ سرتاج عزیز اور معاون خصوصی طارق بھی ساتھ ہونگے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان پہلے روز سے ہی سعودی عرب اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کر انے کے لیے کوشاں ہیں اور اس مقصد کے لئے سعودی عرب کے وزیرخارجہ اور وزیردفاع کے پاکستان کے دوروںمیں بات چیت ہوئی اور اس دوران وزیراعظم کا ایرانی حکام سے بھی قریبی رابطہ رہا۔توقع ہے کہ وزیر اعظم محمد نوازشریف منگل کو واپس وطن پہنچیں گے اور واپسی پر اپنے رفقاء اور اعلیٰ قائدین کو دورے کے نتائج سے آگاہ کریں گے جبکہ آئندہ کا لائحہ عمل بھی طے کرینگے۔ ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعظم پاکستان میں ایک روزہ قیام کے بعد اگلے روز سوئٹرز لینڈ روانہ ہونگے جہاں ان کی عالمی رہنماﺅں سے ملاقاتیں ہونگی جن میں بھی باہمی دلچسپی کے دیگر امور سمیت ایران سعودی عرب کے درمیان کشیدگی ختم کر انے کےلئے صلاح مشورہ کئے جائینگے ۔وزیر اعظم کی عالمی رہنماﺅں سے ملاقاتوں میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوگا ۔