اسلام آباد(نیوز ڈیسک) تحریک انصاف ، جماعت اسلامی ، جے یو آئی (ف) اور اے این پی نے اقتصادی راہداری پر تحفظات سے وزیراعظم کو آگاہ کر دیا۔ سیاسی رہنماؤں کا کہنا ہے اقتصادی راہداری منصوبہ پاکستان کی سو سالہ ترقی کے لئے بہترین منصوبہ ہے۔وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں شرکت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا وزیراعظم کی سربراہی میں کمیٹی بنانے کی تجویز دی جو قبول کر لی گئی۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا اورنج لائن ٹرین بھی اقتصادی راہداری منصوبے کا حصہ ہے یہ ہماری ترجیح نہیں۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا پنجاب کی ترقی چاہتے ہیں لیکن چھوٹے صوبوں کو بھی آگے بڑھنے کا موقع دیں۔ مولانا فضل الرحمان نے بتایا کہ اجلاس میں مغربی روٹ ترجیح قرار پایا ہے۔ وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا تمام رہنماؤں نے منصوبے کی حمایت اور تائید کی ہے۔مسلم لیگ ق کے رہنما مشاہد حسین سید اور افرا سیاب خٹک نے بھی اقتصادی راہداری منصوبے کے تحفظات پر اجلاس کو خوش آئند قرار دیا ہے۔