لاہور(نیوز ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ قومی سطح پر ناکامیوں کے ذمہ دار ہم سب ہیں اور کرپشن کے خلاف کارروائی میں ‘مقدس گائے’ آڑے نہیں آنی چاہیے۔لاہور ہائی کورٹ بار سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر اس کی روح کے مطابق عمل نہیں کیا جارہا اور (ن) لیگ کا ایکشن پلان ہے کہ پنجاب میں کسی انتہا پسند کے خلاف کارروائی نہ کی جائے.بلاول نے الزام عائد کیا کہ پنجاب میں کالعدم تنظیمیں کھلے عام کام کر رہی ہیں جن کے خلاف کارروائی تو دور کی بات حکومت کو ان کی تعداد کا بھی علم نہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ملک میں منصفانہ نظام کی خواہاں ہے، کرپشن سنجیدہ مسئلہ ہے لیکن اس کے خلاف کارروائی میں ‘مقدس گائے’ آڑے نہیں آنی چاہیے۔پیپلز پارٹی چیئرمین کا کہنا تھا کہ قومی سطح پر ناکامیوں کے ذمہ دار ہم سب ہیں، ہمیں تسلیم کرنا ہوگا کہ سیاستدانوں، اسٹیبلشمنٹ اور عدلیہ سب سے غلطیاں ہوئیں، لیکن جمہوریت کی مضبوطی اور استحکام کے لیے ہر ایک کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پارلیمانی کمیٹی کو ججز کی تقرری میں محدود کردار دیا گیا جبکہ صدر اور وزیراعظم کا کردار بھی نمائشی ہے.ان کا کہنا تھا کہ 2010 سے 2013 تک 126 ججز کی تقرریاں کی گئی، جن میں 8 تقرریوں پر پارلیمانی کمیٹی کو اعتراضات تھے، جو جوڈیشل کمیشن نے رد کردیئے۔بلاول نے خاتون چیف جسٹس بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ میری والدہ بے نظیر بھٹو کی وزارت عظمیٰ کے دور میں خواتین کو بینچ میں تعینات کیا گیا، لیکن ابھی تک کسی خاتون چیف جسٹس کا تقرر نہیں ہوسکا۔