اسلام آباد(نیوز ڈیسک)سابق آرمی چیف جنرل (ر) اشفاق پرویزکیانی کے بھائی بریگیڈیئر (ر) امجد پرویز کیانی نے کہاہے کہ کیانی برادران کو ڈی ایچ اے سٹی اسکینڈل میں بدنام کیاجارہاہے ‘انہوں نے واضح کیا کہ اشفاق کیانی کا ان کے کاروبار سے کچھ لینا دینا نہیں۔اتوار کو جاری بیان میں امجدکیانی نے کہاکہ ہمارے بارے میں انفرادی طورپر بات کرنے کی بجائے ہر معاملے میںسابق آرمی چیف جنرل (ر) اشفاق کیانی کا اس طرح حوالہ دیا جاتا ہے جیسے کہ انہوں نے ہمارے کردہ یا ناکردہ کاموں میں مددیا معاونت فراہم کی ہو۔امجدکیانی نے الزام عائد کیا کہ کیانی برادران کو بدنام کرنے کیلئے لمبے عرصے سے بالخصوص سوشل میڈیا پر ایک منظم مہم چلائی جارہی ہے‘ہم نے اس معاملے پر خاموشی اختیار کرنے کا فیصلہ کیاتھا مگربدقسمتی سے اسے اعتراف جرم کے طورپر دیکھا جارہاہے۔ان کا کہناتھاکہ قانونی ثبوتوں کے بغیر ہر چیز ہم سے منسوب کی جارہی ہے‘ہم پر لگائے گئے تمام الزامات بے بنیاد ہیں ‘اشفاق کیانی نے کبھی کسی بھی طریقے سے ہمارے کاروباری مفادات میں سہولت فراہم کی نہ اسپانسر کیا۔ اشفاق کیانی کے تینوں بھائیوں نے پاک فوج میں خدمات انجام دی ہیں اوراس کے وقار کا خیال رکھا ہے اس لئے ہم کسی بھی اسکروٹنی کیلئے تیارہیں۔امجدکیانی نے دعویٰ کیا کہ ڈی ایچ اے لا ہو ر نے گزشتہ روز تمام اہم اخبارات میں ڈی ایچ اے سٹی کے مشترکہ منصوبے (جوائنٹ وینچر)کاایک عوامی نوٹس شائع کروایا ہے جس سے یہ حقیقت واضح ہوتی ہے کہ اس منصوبے کے دو اہم شراکت دار ڈی ایچ اے لاہوراور گلوبیکو پرائیویٹ لمیٹڈ ہیں جبکہ کامران کیانی اس جوائنٹ وینچرمیں پارٹنرنہیں۔ گزشتہ 48گھنٹوں میں میڈیاپر باربار یہ دہرایا جارہا ہے کہ کامران کیانی نے اس منصوبے میں گلوبیکو کو سہولت فراہم کی۔امجدکیانی نے استفسارکیا کہ کیا کامران کیانی نے 2009ءسے ڈی ایچ اے لاہورکے تمام عہدیداروں پر اپنا اثرورسوخ استعمال کیا؟انہوں نے کہا کہ ہرجوائنٹ وینچرپارٹنرزکی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ امجد کیانی کا کہنا تھاکہ Elysium Farm House ڈی ایچ اے اسلام آباد اورElysiumکا مشترکہ منصوبہ تھا ‘Elysiumکے مالک کامران کیانی نہیں۔