اسلام آباد(نیوزڈیسک)امریکہ نے امیدظاہر کی ہے کہ دہشتگردوں کی جانب سے مذاکرات سبوتاژ کرنے کی کوششوں کے باوجودپاکستان اوربھارت بات چیت جاری رکھیں گے،علاقائی استحکام کیلئے مذاکرات کاتسلسل ضروری ہے ،وزیراعظم نوازشریف نے امریکی وزیرخارجہ کو یقین دلایاہے کہ پاکستان اپنی سرزمین بیرون ملک دہشتگردی کیلئے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیگا،پٹھان کوٹ حملے سے متعلق شفاف انداز میں تحقیقات کررہے ہیں،دنیاہماری موثراقدامات اورخلوص کو دیکھے گی ،حقائق سامنے لائیں گے۔امریکی وزیرخارجہ جان کیری نے ہفتہ کی شب وزیراعظم محمدنوازشریف کوٹیلی فون کیااورمشکل حالات میں وزیراعظم نوازشریف کے قائدانہ کردار کوسراہاجس کی اس صورتحال میں ضرورت تھی۔انہوں نے کہاکہ ہم امید کرتے ہیں کہ دہشتگردوں کی جانب سے مذاکرات کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کے باوجود پاکستان اوربھارت کے درمیان بات چیت جاری رہے گی۔جان کیری نے کہاکہ علاقائی استحکام کیلئے پاک بھارت مذاکرات کاتسلسل ضروری ہے مذاکرات کاتسلسل یقینی بنانے کیلئے دونوں وزرائے اعظم کے قائدانہ کردارکی ضرورت ہے ۔وزیراعظم محمدنوازشریف نے امریکی وزیرخارجہ کوبتایاکہ پٹھان کوٹ حملے کے حوالے سے ہم تیزی سے اورشفاف انداز میں تحقیقات کررہے ہیں اوراس حوالے سے حقائق سامنے لائیں گے اس معاملے میں دنیاہمارے موثراقدامات اورخلوص کو دیکھے گی۔وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان اپنی سرزمین سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے کام کررہاہے اورکسی کو بھی اجازت نہیں دیگا کہ وہ پاکستانی سرزمین کوبیرون ملک دہشتگردانہ کارروائیوں کیلئے استعمال کرے۔ انہوں نے کہاکہ تمام ریاستی ادارے دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے پرعزم ہیں۔امریکی وزیرخارجہ جان کیری نے پٹھان کوٹ دہشتگردانہ حملے کے حوالے سے حقائق کی تلاش کیلئے وزیراعظم نوازشریف کومکمل حمایت کایقین دلایا۔