لندن(نیوز ڈیسک)برطانوی حکومت نے پاکستان سے عمران فاروق قتل کیس کے ملزموں کی حوالگی کی باضابطہ درخواست کردی۔ادھر ایف آئی اے نے عمران فاروق قتل کیس میں نامزد ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین ، افتخار حسین اور محمد انور کی گرفتاری کے لیے قانونی کارروائی شروع کردی، انٹرپول کے ذریعے وارنٹ برطانیہ بھیجے جائیں گے۔برطانوی پولیس نے عمران فاروق قتل کیس کے ملزمان خالد شمیم،محسن علی اور معظم علی کی حوالگی کی پاکستان کو باضابطہ درخواست کر دی، ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ اہم پیش رفت عمران فاروق کی بیوہ شمائلہ کے عدالت میں بیان کے بعد ہوئی ہے۔ ایم کیو ایم کے مقتول رہ نما ڈاکٹر عمران فاروق کی بیوہ نے لندن میں مجسٹریٹ کے سامنے بیان ریکارڈ کرایا تھا۔ادھر پاکستان میں ایف آئی اے نے بھی ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس میں نامزد ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین ، افتخار احمد اور محمد انور کے وارنٹ گرفتاری حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اسلام آباد کی عدالت سے وارنٹ گرفتاری حاصل کر کے ملزمان کی برطانیہ سے پاکستان واپسی کے لیے انٹرپول کی مدد لی جائیگی۔ ڈاکٹر عمران فاروق کے قتل کامقدمہ سات افراد کیخلاف درج کیا گیا ہے۔ تین ملزمان خالد شمیم،محسن علی اور معظم گرفتار ہیں ، دو ملزمان نے مجسٹریٹ کے سامنے اعتراف جرم بھی کرلیا ہے۔ ایک نامزد ملزم کاشف خان کامران انتقال کرگیا ہے۔