لاہور(نیوز ڈیسک)15سالہ لڑکی سے مبینہ اجتماعی زیادتی کیس کے ملزمان کو تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیاگیا ، سول سوسائٹی کے افراد نے ملزمان کی کینٹ کچہری میںپیشی کے موقع پر احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے سخت سے سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا ۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ ریس کورس پولیس نے اپرمال پر واقع ہوٹل میں 15سالہ لڑکی کو مبینہ اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنانے والے مرکزی ملزم میاں عدنان ثنا اللہ سمیت آٹھ ملزمان کو کینٹ کچہری میں جوڈیشل مجسٹریٹ زیب شہزاد کی عدالت میں پیش کر کے آٹھ روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی ۔ عدالت نے ملزمان کو تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرتے ہوئے آئندہ پیشی پر رپورٹ سمیت پیش کرنے کی ہدایت کر دی ۔ علاوہ ازیں ملزمان کی پیشی کے موقع پر سول سوسائٹی کے افراد نے کینٹ کچہری کے باہر مظاہرہ کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ درندہ صفت ملزمان کسی رعایت کے مستحق نہیں انہیں سخت سے سخت سزا دی جائے ۔