کراچی(آئی این پی)وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی رینجرز اختیارات کے معاملہ پر وزیر اعظم نوا زشریف سے ناراضگی کھل کر سامنے آ گئی ‘ وزیر اعلیٰ سندھ وزیر اعظم کے دورہ کراچی کے دوران شیڈول کے باوجود مختلف تقاریب میں و زیر اعظم کے ساتھ شریک نہیں ہوئے ‘ ایئر پورٹ پر استقبال کے بعد واپس روانہ ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق پیر کو وزیر اعظم نواز شریف اور وفاقی کابینہ کے اراکین کے دورہ کراچی کے موقع پر پورٹ قاسم میں ہونے والی تقریب اور ایکسپورٹ ایوارڈ کی تقریب میں وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے مدعو کئے جانے کے باوجود شرکت نہ کی اور وزیر اعظم نوا زشریف کا ایئر پورٹ پر استقبال کرنے کے بعد واپس چلے گئے۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ کی وزیر اعظم سے ناراضگی کی وجہ رینجرز اختیارات کا معاملہ ہے۔