نوڈیرو(نیوز ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی سینٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی نے سابق صدر مملکت آصف علی زرداری کو پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز (پی پی پی پی) کا صدر منتخب کرلیا۔واضح رہے کہ آصف زرداری پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین بھی ہیں۔پیپلز پارٹی کی ایگزیکٹیو کمیٹی کا اجلاس نوڈیرو ہاو¿س میں پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی زیر صدارت ہوا جس میں آصف زرداری کو پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کا صدر منتخب کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس کے بعد تفصیلات سے میڈیا کو آگاہ کرتے ہوئے پی پی پی کے جنرل سیکریٹری راجا پرویز اشرف اور قمر زمان کائرہ نے بتایا کہ یہ فیصلہ متفقہ طور پر کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ ایگزیکٹیو کمیٹی کے اجلاس کا ایجنڈا نہیں تھا، تاہم یہ تجویز پارٹی کے صوبائی صدور کی جانب سے دی گئی جس کا خیر مقدم کرتے ہوئے متفقہ طور پر قبول کرلیا گیا۔ایگزیکٹیو کمیٹی کا اجلاس بے نظیر بھٹو کو ان کی قربانیوں پر خراج تحسین پیش کرنے کے لیے خصوصی طور پر منعقد کیا گیا تھا۔اجلاس میں چند ہفتے قبل انتقال کرجانے والے پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر مخدوم امین فہیم کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا گیا کہ وہ اپنی آخری سانس تک پارٹی سے وفادار رہے۔اجلاس کے دوران امین فہیم کے ایصال ثواب کے لیے ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔راجا پرویز اشرف اور قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ اجلاس میں رینجرز کے اختیارات کا معاملہ بھی زیر بحث آیا اور کہا گیا کہ یہ کشیدگی صوبوں کو کمزور کرنے کا باعث بنے گی۔پی پی پی کے رہنماو¿ں نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف خود کہہ چکے ہیں کہ وزیر اعلیٰ سندھ کراچی آپریشن کے کپتان ہوں گے، جبکہ صوبے کو یقین دلایا گیا کہ اسے ہر معاملے پر اعتماد میں لیا جائے گا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ وزیر اعظم اپنے دورہ کراچی کے دوران اس مفاہمتی پالیسی کا دوبارہ آغاز کریں گے، جس پر ان کے اور بے نظیر بھٹو کے درمیان میثاق جمہوریت میں اتفاق کیا گیا تھا۔ایک سوال کے جواب میں راجا پرویز اشرف نے رینجرز کے معاملے کو حل کرنے کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومت کے درمیان مذاکرات پر زور دیا۔
زرداری پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر منتخب

آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں