کوئٹہ(نیوز ڈیسک)ایران نے ایک بار سرحدی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستانی علاقے میں مارٹر گولے فائر کردیے۔تفصیلات کے مطابق ایرانی سرحدی حدود سے ماشکیل کے علاقے میں تین مارٹر گولے فائر کیے گئے ہیں۔ لیویز حکام کا کہنا ہے کہ تینوں گولے خالی میدان میں گرے ہیں جس کی وجہ سے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی ایران گاہے بگاہے پاکستان کی سرحدی حدود کی خلاف ورزی کا مرتکب ہوا ہے اور کئی بار دونوں ممالک کے حالات میں کشیدگی پیدا ہوئی ہے۔کچھ عرصہ قبل ایران کی سرحدی محافظ فورسز پاسداران انقلاب کی طرف سے پاکستانی حدود میں داخل ہوکر کارروائی بھی کی گئی تھی اس کے علاوہ ماشکیل کے علاقے میں ہی دو ماہ قبل بھی ایران کی طرف سے مارٹر گولے فائر کیے گئے تھے۔