اسلام آباد(ویب ڈیسک)رینجرز کے اختیارات کے معاملے پر سینٹ میں پیپلز پارٹی اور اے این پی ایک ہوگئیں ، دونوں نے علامتی واک آؤٹ کیا۔فرحت اللہ بابر کہتے ہیں وفاق کے ہاتھیوں نے سندھ پر حملہ کیا ہے ، شاہی سید کا کہنا ہے کہ وفاق نے جس طرح سندھ کی سمری مسترد کی یہ قابل مذمت ہے۔ وفاق نے رینجرز کے مکمل اختیارات بحال کیے تو سینیٹ میں ہوئی گرما گرمی۔ پیپلز پارٹی اور اے این پی اس کے خلاف یک زبان ہوگئیں۔ شدید احتجاج کے بعد اجلاس کا علامتی واک آؤٹ کر دیا۔ فرحت اللہ بابر نے حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا۔ ان کا کہنا تھا وفاق نے رینجرز کے اختیارات کے معاملے پر آئین کی خلاف ورزی کی۔ سندھ کی سمری مسترد کرکے صوبے پر حملہ کیا گیا۔ شاہی سید کا کہنا تھا کہ وفاق نے جس طرح سندھ کی سمری مسترد کی یہ قابل مذمت ہے۔ سسی پلیجو بھی پیچھے نہ رہیں ، ان کا کہنا تھا کہ چودھری نثار جس طرح آنکھیں دکھا رہے ہیں ان کا یہ رویہ ناقابل قبول ہے۔ سینیٹر سعید غنی نے کہا کہ سندھ حکومت نے رینجرز کیا ختیارات میں کوئی کمی نہیں کی ، سیاسی لڑائی میں اداروں کو فریق نہ بنایا جائے۔